22 مارچ 2014 - 19:30
نبیل العربی : مسئلہ فلسطین عالم اسلام کا اہم مسئلہ

عرب لیگ کے سکریٹری جنرل نے مسئلہ فلسطین کو عالم عرب کا بنیادی مسئلہ قرار دیا ہے ۔

ابنا: لبنان کے المیادین ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق عرب لیگ کے سکریٹری جنرل " نبیل العربی " نے آج کہا کہ فلسطین کا مسئلہ عالم عرب کا بنیادی مسئلہ ہے اور اس مسئلے کاجائزہ کویت میں عرب لیگ کے اجلاس میں لیا گيا ہے ۔ واضح رہے کہ فلسطین کے مسئلے کا جائزہ لینے کے لئے عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کا اجلاس آج کویت میں شروع ہوا ہے ۔ مصر کے وزیر خارجہ نبیل فہمی نے بھی کویت میں کہا کہ فلسطین کا مسئلہ ایک اہم بین الاقوامی مسئلہ ہے اور اس سرزمین پر اسرائيل کا غاصبانہ قبضہ ملت فلسطین کی مشکلات کا اصلی سبب ہے ۔ دوسری جانب اقوام متحدہ نے صیہونی حکومت کی کالونیوں کی تعمیر کی منصوبہ بندی پر شدید تشویش ظاہر کی ہے . صیہونی حکومت اور فلسطینی ا نتظامیہ کے درمیان مذاکرات کرانے کے لئے اقوام متحدہ کے منتظم نے صیہونی حکومت کی کالونیوں کی تعمیرات کی منصوبہ بندی پر تشویش ظاہر کی ہے . رابرٹ سیری نے ہفتے کو کہا کہ اقوام متحدہ، صیہونی کالونیوں کی تعمیر کو غیر قانونی مانتا ہے . انہوں نے صیہونی حکومت کی جانب سے 2300 گھروں کی تعمیر کے فیصلے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی یہ پالیسی مذاکراتی عمل میں مددگار ثابت نہیں ہو سکتی۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق مغربی کنارے کا علاقہ مقبوضہ ہے اور اسرائیل کو اس علاقے سے ہٹ جانا چاہئے -......./169